اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد 12 سیٹیں ہو چکی ہیں،سپریم اپیلٹ بینچ نے پی پی پی کے دو کامیاب امیدواروں کا آرڈر سسپینڈ کر کے 2 جولائی کی تاریخ دے دی، پوسٹل بیلٹ کی گنتی میں جیتنے والے پی پی پی امیدوار کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ہرا کر مخالف کو فارم 49 جاری کیا گیا۔
نیئر حسین بخاری نے کہاکہ الیکشن قوانین کے تحت پولنگ کے 14 دن کے اندر آفیشل گزٹ جاری ہونا ضروری ہے، جو اب تک نہیں ہوا۔ انہوںنے کہاکہ آفیشل گزٹ جاری ہونے سے پہلے ہی چیف الیکشن کمشنر نے آزاد امیدوار کو آئی پی پی کا ممبر قبول کر کے پری میچور فیصلہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ جی بی میں معاملات آئین اور قانون کے مطابق نہیں چل رہے،پی پی پی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی پی پی کے پاس مخصوص اور ٹیکنوکریٹ نشستیں ملا کر 17 سے 19 سیٹوں کی واضح اکثریت بنتی ہے۔
انہوںنے کہاکہ آئی پی پی کی قیادت نے پیپلز پارٹی سے ملاقات کر کے حکومت سازی میں تعاون کے بدلے وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پی پی پی قیادت فیصلہ کرے گی کہ حکومت کیسے بنانی ہے اور کس کو اتحاد میں شامل کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میری قمر زمان کائرہ اور امجد حسین ایڈووکیٹ کی امیر مقام اور حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کے لیول پر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے، سیاسی ڈائیلاگ کا عمل جاری ہے۔









