فواد چوہدری 25

ٹی ایل پی پر پابندی لگنا اچھی بات ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ نابالغ ہے’ فواد چوہدری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی پر ایک پرتشدد گروہ ہے اس پر پابندی لگانا درست فیصلہ ہے،پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ نابالغ ہے،پارٹی چند ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جیسے بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے، قومی معاملات میں سنجیدگی ضروری ہے، خواجہ آصف پنجابی فلموں میں کام کرکے بڑھکیں مار لیں۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کل پھر وزیر اعلی کے پی کو جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔

سہیل آفریدی کل چوتھی مرتبہ جیل کے باہر آئے مگر ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔ یہ سہیل آفریدی کی تضحیک ہے،عدالتیں اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کروا رہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ نا بالغ ہے ۔ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں کرادر ادا کرسکتے ہیں۔ چند لوگوں کے ہاتھ میں ایسے ہے جیسے بندر کے ہاتھ ماچس آئی ہو۔ سہیل آفریدی کوٹ لکھپت جیل میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر قید رہنماں سے ملاقات کریں۔ شاہ محمود قریشی انہیں مثبت مشورہ دیں گے۔ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کے وزیراعلی ہیں، انہیں ایسے لوگوں سے بات کرنی چاہیے تو ٹمپریچر کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی پر پابندی لگنا اچھی بات ہے ۔ یہ پرتشدد گروہ ہے، ان پر پابندی لگانا اچھی بات ہے۔

افسوس ہے ٹی ایل پی کے خلاف سپریم کورٹ کے خلاف ریفرنس کیوں فائل نہیں کیا گیا۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنے ہوئے ساڑھے 3سال ہوچکے ہیں ۔ اب انہوں نے کمیٹیاں بنا دی ہیں، یعنی انہوں نے ہار مان لی ہے ۔ پاکستان کی معیشت کا برا حال ہے ۔ پاک فوج کے جوان جانیں دے رہے ہیں، آرمی چیف کسی ملک سے مذاکرات یا معیشت پر بات کررہے ہیں تو وزیراعظم کا کیا کام ہے؟۔انہوں نے مزید کہا کہ اسد عمر نے خواجہ آصف کو پنجابی فلموں میں کام کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

خواجہ آصف کو کوئی پنجاب فلموں میں رول دے دیں تاکہ اس میں بڑھکیں مار لیں ۔ قومی معاملات میں سنجیدگی بہت ضروری ہے۔ ترکی کا بیان آچکا ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر 6نومبر تک رہے گا ۔ دونوں ممالک کے درمیان امن بہت ضروری ہے ۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری سرحدوں پر زخمی دشمن بیٹھا ہے۔ ٹرمپ ہر ساتویں دن طیارے گرانے کی چابی دے دیتا ہے ۔ افغانستان کو سوچنا چاہیے کہ معاملات بہتر کرے۔ یہ افغانستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی اگر وہ بھارت کے کہنے پر چلے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں