شاہد خاقان عباسی 36

وسائل کا درست استعمال نہ ہونے کے باعث کراچی مسائل کا شکار ہے،شاہد خاقان عباسی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر اعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ کے وسائل کا درست استعمال نہ ہونے کے باعث صوبہ خصوصا کراچی شدید مسائل کا شکار ہے، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکے گا۔یونیورسٹی روڈ گلشنِ اقبال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کا بجٹ تقریبا 3600 ارب روپے ہے، لیکن عوام کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنی بڑی رقم کہاں خرچ ہو رہی ہے اور اس کا حساب کون دے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں کرپشن عروج پر ہے اور کراچی میں ٹینکر و ہائیڈرینٹ مافیا اربوں روپے کما رہا ہے جبکہ شہریوں کو گھروں میں پانی کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جا سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی دنیا کا واحد شہر بن چکا ہے جہاں پانی کی فراہمی کا انحصار ٹینکروں پر ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ حال ہے، سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں اور یونیورسٹی روڈ جیسے مصروف ترین منصوبے پانچ سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ایک سڑک نہیں بنا سکتی تو بڑے مسائل کیسے حل کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے، نہ تعلیم کا نظام بہتر ہے اور نہ صحت کی سہولیات۔ اسکولوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کا اثر پورے پاکستان پر پڑتا ہے اور اگر کراچی ترقی کرے گا تو ملک بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فیول قیمتوں سمیت کئی معاشی فیصلے عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں اور حکومت کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں لاکھوں نوجوان ملک چھوڑ کر بیرونِ ملک جا چکے ہیں، جو کہ حکومتی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات نہ بدلے تو یہ رجحان مزید بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کو وسائل کی کمی کا جواز پیش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ فنڈز دستیاب ہیں، مسئلہ صرف ترجیحات اور نیت کا ہے۔آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کراچی سمیت سندھ کے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر عوامی ردعمل میں اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں