مراد علی شاہ 36

وزیراعلی سندھ کی نوجوان ایتھلیٹ رایان حبیب کو آئرن مین چیلنج مکمل کرنے پر مبارکباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایتھلیٹ رایان حبیب کو عالمی سطح کے مشکل ترین مقابلے آئرن مین چیلنج کو کامیابی سے مکمل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ رایان حبیب نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں، محنت اور عزم کے ذریعے سندھ اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔

وزیراعلی ہائوس سے جاری بیان کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے نوجوان نے صرف 19 برس کی عمر میں یہ شاندار کارنامہ انجام دے کر نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رایان حبیب کی کامیابی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو تو عمر کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔انہوں نے کہا کہ رایان حبیب کی محنت، لگن، حوصلہ اور مسلسل جدوجہد قابلِ ستائش اور باعثِ فخر ہے۔ ایسے باصلاحیت نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں جو اپنی کارکردگی سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو رایان حبیب کی کامیابی سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بھرپور محنت اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ اور پاکستان کے نوجوان مستقبل میں کھیلوں کے مختلف شعبوں میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوان ٹیلنٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے رایان حبیب اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی اس کامیابی پر فخر ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔وزیراعلی سندھ نے رایان حبیب کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا اور نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں