لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متنوع ثقافتوں، زبانوں، روایات اور اقدار کا مرکز ہے۔ ثقافتی تنوع قومی شناخت اور تہذیبی ورثہ ہے۔ ثقافتی تنوع سے اتحاد و یگانگت، مثبت اقدار، برداشت اور ہم آہنگی بھی فروغ پاتی ہے۔ ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ثقافتی تنوع کا عالمی دن منا نے کا مقصد مکالمہ اور ترقی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔
تہذیب و ثقافت اور مشترکہ ورثہ کی اہمیت کا شعور رکھنے والے قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ متنوع ثقافتی ورثہ دنیا بھر میں پنجاب کی پہچا ن ہے۔محکمہ اطلاعات و ثقافت صوبہ بھر میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے سرگرم عمل ہے۔ثقافت کا تحفظ، ہنر مندوں اور تخلیقی کاروں کی سرپرستی ترجیحات کا حصہ ہے۔پنجاب کے ہنرمندوں کی ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ہمارا عزم ہے۔









