اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسلام آ باد ہائی کورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔
جمعرات کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار لطیف قریشی کی جانب سے وکیل جی ایم چوہدری پیش ہوئے، جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 4 میں ترمیم کی گئی ہے، اس کے ذریعے جو قوانین پہلے تھے ان میں ترمیم کرکے بڑی شق کو نکال دیا گیا،آرڈیننس جاری کرکے کرپشن کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، چیئرمین کی تعیناتی کے طریقے کار کو بھی تبدیل کردیا گیا ، اگر سرکاری اداروں کی کرپشن کو نکال دیا جائے تو پھر تو چپڑاسی ہی بچ جاتا ہے۔









