ملک محمد احمد خاں 39

نوجوان نسل کو جدید خطرات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا، ملک احمد خاں

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے کہا کہ نوجوان نسل کو روایتی اور جدید خطرات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے فارمَن کرسچن کالج یونیورسٹی میں منعقدہ “فارمن یوتھ سمٹ 2026” اور “نیشنل سکیورٹی اینڈ گورننس سیمینار” میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی صرف سرحدوں کے تحفظ کا نام نہیں بلکہ معاشی، انسانی اور سائبر سکیورٹی بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔

ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ فارمن یوتھ سمٹ 2026 نوجوانوں کی فکری تربیت اور قومی شعور اجاگر کرنے کی ایک بہترین کاوش ہے، 28 مئی یومِ تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جبکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے سائنسدان اور قومی قیادت پوری قوم کا فخر ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے اور پائیدار ترقیاتی اہداف ایک مضبوط اور محفوظ معاشرے کی ضمانت فراہم کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ، انسدادِ دہشتگردی، شفافیت اور احتساب کے لیے مؤثر قانون سازی جاری ہے۔

ملک محمد احمد خاں کا کہنا تھا کہ مضبوط ادارے، مؤثر پالیسی سازی اور قومی اتحاد سے تمام چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، جبکہ مقامی مصنوعات کے استعمال سے معیشت مزید مستحکم ہوگی، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں