لاہور( رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف برینڈ ہیں، جب وہ انتخابی مہم کے لیے نکلیں گے تو دنیا دیکھے گی، اگلے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کلین سویپ کرے گی،ہمارے پاس تو نواز شریف ہیں، پی ٹی آئی والوں کے پاس کیا ہے؟
علیمہ باجی کا پتا نہیں چلتا کہ کہاں وہ خودکش بمبار بن جاتی ہیں،کراچی کے میئر مرتضی وہاب بھی سیکھنے کے لیے پنجاب تشریف لائے تھے، باقی صوبے بھی ہم سے سیکھتے رہتے ہیں۔ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جب برینڈ نواز شریف، مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف مہم کے لیے نکلیں گے، سوچیں صورتحال کیا ہوگی،مریم نواز نے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہے، مریم نواز کے منصوبوں کو سارا پاکستان سراہتا ہے اور خواہش کا اظہار کرتا ہے کہ ہمارے پاس بھی ایسی وزیراعلی ہو۔
مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف نے گلگت بلتستان میں صرف ایک دن کی مہم کی تھی، مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر 6امیدوار وہاں سے جیتے ہیں، 2آزاد بھی مسلم لیگ(ن) کے جیتے ہیں۔نواز شریف پر وہ تنقید کررہے ہیں جن کو ایک سیٹ بھی نہیں ملی،نواز شریف عام انتخابات میں جب انتخابی مہم کے لیے نکلیں گے تو ساری دنیا دیکھے گی اور ہم بتائیں گے انتخاب مہم کیسے ہوتی ہے۔پی ٹی آئی والے آپس میں لڑ لڑ کر بے حال ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف آزاد شہری ہیں، جہاں ان کا دل چاہے وہ جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو بہتر انداز میں انتخابی مہم چلانی چاہیے،آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے پارٹی کوئی لائحہ عمل بنائے گی، ہم پوری قوت کے ساتھ کشمیر کا انتخاب لڑیں گے،گلگت میں ہم نے انتخابی مہم دیر سے شروع کی، وہاں جلدی کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اب صحتیاب ہیں، ان کی ایک میجر سرجری ہوئی ہے، مریم نواز نے ہسپتال سے ہی اپنے کام شروع کردئیے تھے، اب بھی وہ آن لائن میٹنگز لے رہی ہوتی ہیں، وہ اپنا کام کررہی ہیں، وہ دفتر ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد آئیں گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان آئی سائٹ مجھ سے بہتر ہے مگر قیامت برپا کی جا رہی تھی کہ پتا نہیں کیا ہوگیا ہے،یہ پتا نہیں کون سی آنکھ ہے جس سے جان کو بھی خطرہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی مشکلات ضرور ہیں مگر پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہوگا،تنخواہوں او رپنشن میں اضافے کے معاملے میں وفاق کی پیروی کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے طلبہ کے لیے ای بائیکس کی اسکیم شروع کی تھی جو کامیابی سے جاری ہے۔لاہور میں اب لڑکیاں ای وی اسکوٹیز چلاتی ہوئی نظر آتی ہیں، انہیں دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے،یہ وزیراعلیٰ کا وژن بھی تھا۔ مریم نواز اب ان کے لیے بھی سہولت لارہی ہیں جو اسکوٹیز خرید نہیں سکتے، ان کو اب پنجاب حکومت کرائے پر اسکوٹیز فراہم کرے گی۔









