نعمان مسعود 43

نعمان مسعود کی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اہم اپیل

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی اداکار نعمان مسعود نے حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ریسٹورنٹس اور کیفے کے اوقاتِ کار محدود کئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اس معاملے پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں نعمان مسعود نے کہا کہ وہ عموماً مداحوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے ہیں، مگر اس بار ان کی آواز میں پریشانی اس لئے ہے کیونکہ یہ مسئلہ صرف ان کے ذاتی کاروبار تک محدود نہیں بلکہ ان کے دوستوں، ملازمین اور ریسٹورنٹ انڈسٹری سے وابستہ بے شمار افراد کے روزگار سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں جنگی صورتحال اور حکومتی پابندیوں کے باعث ریسٹورنٹ بزنس شدید دباؤ کا شکار ہے، اگرچہ کاروباری طبقہ حکومتی اقدامات کو سمجھتے ہوئے تعاون کی کوشش کر رہا ہے، مگر موجودہ حالات میں رات گئے تک کھانے پینے کے مراکز بند کرنے کی پابندی نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

نعمان مسعود کے مطابق گرمیوں کے موسم میں بیشتر لوگ دفاتر سے واپسی، آرام اور روزمرہ مصروفیات کے بعد رات گئے کچھ وقت اہلِ خانہ کے ساتھ گزارنے کے لئے باہر نکلتے ہیں اور پاکستان میں فیملی انٹرٹینمنٹ کیلئے ریسٹورنٹس، کیفے اور کافی شاپس اہم کردار ادا کرتے ہیں، ایسے میں جلد بندش کاروبار کو براہِ راست متاثر کر رہی ہے۔

اداکار نے کہا کہ چھوٹے بڑے تمام ریسٹورنٹس اپنے ملازمین کے ساتھ اس وقت شدید مالی دباؤ میں ہیں، مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور محدود کاروباری اوقات کے باعث مالکان کیلئے ملازمین کی تنخواہیں دینا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے، ان کے بقول پہلے وہ اپنے عملے کے اضافی مسائل بھی حل کر لیتے تھے، مگر اب صورتحال یہ ہے کہ صرف بنیادی تنخواہیں دینا ہی ایک چیلنج بن گیا ہے۔

نعمان مسعود نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پالیسی پر دوبارہ غور کرے تاکہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو کچھ ریلیف مل سکے، کیونکہ یہ شعبہ نہ صرف ہزاروں افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے بلکہ شہریوں کے لئے تفریح کا بھی ایک اہم وسیلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی دباؤ کے اس دور میں کاروبار اور ملازمین دونوں کو سہارا دینے کیلئے حکومتی پالیسی میں توازن ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں