ممبئی (رپورٹنگ آن لائن) میٹ گالا میں اس بار بھارتی نمائندگی نے غیرمعمولی انداز میں عالمی توجہ حاصل کرلی، جہاں ایشا امبانی کی سونے کے تاروں سے تیار کردہ منفرد ساڑھی تقریب کی نمایاں ترین جھلکیوں میں شامل رہی۔
میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں منعقد ہونے والی اس سال کی تقریب کا موضوع ’کوسٹیوم آرٹ‘ تھا، جس کے تحت ڈیزائنرز نے لباس کو محض فیشن نہیں بلکہ ایک مکمل فن پارے کے طور پر پیش کیا۔
ایشا امبانی نے معروف بھارتی ڈیزائنر گورو گپتا کی تخلیق کردہ خصوصی ساڑھی زیب تن کی، جسے روایتی بھارتی دستکاری اور جدید جمالیات کا حسین امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس منفرد ساڑھی کی تیاری میں 50 سے زائد ماہر کاریگروں نے حصہ لیا جبکہ اسے مکمل کرنے میں تقریباً 1200 گھنٹے صرف ہوئے۔ لباس میں خالص سونے کے دھاگوں کا استعمال کیا گیا اور اس کے ڈیزائن کو فریسکو آرٹ سے متاثر ہوکر جدید فیشن کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا۔
یہ شاہکار صرف ایک لباس نہیں بلکہ بھارتی ثقافتی ورثے، ہنرمندی اور شاہانہ روایت کی عکاسی بھی تھا۔ ایشا امبانی نے اس کے ساتھ اپنی والدہ نیتا امبانی کے قیمتی زیورات بھی زیب تن کیے، جس سے ان کی شخصیت مزید پرشکوہ دکھائی دی۔
اس سال میٹ گالا میں بھارتی موجودگی فلمی ستاروں تک محدود نہیں رہی بلکہ کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور دیگر نمایاں شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی۔کرن جوئر نے پہلی مرتبہ میٹ گالا میں شرکت کی، جہاں ان کے لباس میں بھارتی مصوری اور زری کے نفیس کام نے تاریخ اور جدیدیت کو یکجا کیا۔
اسی تقریب میں نتاشا پونا والا، اننیا برلا، سدھا ریڈی اور دیگر نمایاں بھارتی شخصیات نے بھی اپنے منفرد ملبوسات کے ذریعے بھارتی تہذیب، روایت، ٹیکنالوجی اور آرٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔









