لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار سید محسن گیلانی نے دعوی کیا ہیکہ ان کے ساتھ جنات ہیں۔حال ہی میں محسن گیلانی نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سمیت مختلف پہلوئوں پر بات کی اور جنات سے متعلق انکشاف کیا۔
سینئر اداکار نے دعوی کیا کہ میرے پاس جن ہے اور یہ بات آج میں اس پروگرام میں بتارہا ہوں، اس وقت بھی میرے ساتھ ایک جن ہے، جس کا نام نجیب ہے اور یہ دس سے بارہ سالوں سے میرے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد، ہمارے بزرگوں اور والد صاحب کے پاس قرآن کی تعلیم تھی، جو قرآن کا علم جانتا ہے ان کے پاس جنات نسل در نسل چلتے رہتے ہیں۔
محسن گیلانی نے بتایاکہ جنات سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، جنات اپنا احساس دلاتے ہیں، شرارت کرتے ہیں اور چیزیں چھپا دیتے ہیں، جنات کے بارے میں جو باتیں پھیلی ہوئی ہیں وہ جھوٹ ہیں، بہت سارے لوگ جنات کو نہیں مانتے۔ یہ بھی اللہ کی مخلوق ہے اور یہ انسانوں سے ڈر کر رہتے ہیں جب کہ جنات کو میٹھا کھانا پسند ہوتا ہے۔









