شہباز شریف

مہنگائی کا بے قابو جن گلی گلی اعلان کررہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے، شہبازشریف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کابے قابو جن گلی گلی، قریہ قریہ اعلان کررہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے ، قطاروں میں کھڑے عوام آج پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کررہے ہیں، پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کے لئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی کی دیدہ دلیرہ پر حیرت ہے ، اب کنٹینر والی باتیں کیوں بھول گئے ہیں، اب ان کی سیاسی اخلاقیات کہاں ہے، مہنگائی کابے قابو جن گلی گلی اور گھر گھر اعلان کررہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے، ہر دن، ہربحران، قیمتوں میں ہر اضافہ پکارپکار کر دہائی دے رہا ہے کہ یہ حکومت چلتی رہی تو ملک نہیں چلے گا، عوام تکلیف میں رہے گی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کا بحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے، گیس مہنگی اور موجود بھی نہیں، نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنے والا ہے، یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی، آئندہ ماہ 1400 سے بڑھا کر 1700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی تیاری قوم کو زبح کرنے کے مترادف ہے، عمران نیازی صاحب غریب اوپر جارہا ہے لیکن اللہ تعالی کے پاس۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سراٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور150 تک مل رہی ہے، کرشنگ شروع ہونے کے باوجود چینی کی سپلائی اب تک بحال نہ ہونا نااہلی وبدانتظامی کی انتہا ہے، ڈالر 177 روپے سے زائد پر فروخت ہو رہا ہے، روپے کی قدر میں ایک فیصد کمی مہنگائی میں 14 سے 16 بنیادی پوائنٹس میں اضافہ کرتی ہے، ڈالر کی پرواز قوم کی مہنگائی کے دردناک کرب کو مسلسل بڑھا رہی ہے، کوئی پرسان حال نہیں، ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے۔