ہمایوں اختر خان 8

مکہ باہمی دفاعی معاہد ہ خطے کے امن و استحکام کیلئے اہم پیشرفت ہے’ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مکہ باہمی دفاعی معاہد ہ خطے کے امن و استحکام کیلئے اہم پیشرفت ہے،حالیہ مہینوں میں پاکستان نے دفاعی اور سفارتکاری کے میدان میں غیر معمولی کامیابیاں سمیٹی ہیں جن کے دورس نتائج ہوں گے ،این اے 97 میں دہائیوں سے پھیلی محرومیوں کے خاتمے اور تعمیر و ترقی کیلئے ہر فورم پرآواز اٹھا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 97کے دورہ کے دوران علاقہ عمائدین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات سے ملاقاتوں میں گفتگو کے دوران کیا ۔ہمایوں اختر خان اپنی روایت کو بر قرار رکھتے ہوئے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں بھی گئے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ ملاقاتوں کے دوران حلقے کے دیرینہ مسائل اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز پر گفتگو کی گئی ۔حلقے کے لوگوں کی جانب سے ہمایوں اختر خان کو ٹریفک پولیس کے ناروا رویے اور بے جا چالانوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کے لوگ اچھی طرح جان چکے ہیں کون ان کا ہمدرد ہے ،عوام کو دہائیوں سے سبز باغ دکھانے والے اب کہیں نظر نہیں آتے کیونکہ حلقے کے لوگ اب ان سے اپنی محرومیوں کا سوال کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ این اے 97 کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں تعطل نہیں آنے دیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متعلقہ فورمز پر موثر آواز اٹھاتے رہیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں