مراد سعید

موٹروے کا ریونیو 50بلین بڑھا ہے، ملک میں ایک بھی موٹروے قرضے لے کر نہیں بنا رہے ہیں، مراد سعید

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موٹروے کا ریونیو 50بلین بڑھا ہے، ملک میں ایک بھی موٹروے قرضے لے کر نہیں بنا رہے ہیں، ہم نے کسی بھی ٹول پلازہ پر ایک روپیہ ٹیکس نہیں بڑھایا، ٹیکنالوجی کے ذریعے موٹروے کا ریونیو بڑھایا ہے اور پلاننگ کے تحت کام کر رہے ہیں۔

بدھ کو وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس اپنی کارکردگی کے باعث تعریف کی مستحق ہے، موٹروے پولیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید بہتری کی جانب بڑھے گی جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے ایپ بنائی گئی ہے، جس پر روزانہ موسم اور دیگر معلومات دی جاتی ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ موٹروے کا ریونیو 50بلین بڑھا ہے، ہم نے کسی بھی ٹول پلازہ پر ایک روپیہ ٹیکس نہیں بڑھایا ہے اور ملک میں ایک بھی موٹروے قرضے لے کر نہیں بنائی جا رہی ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے ریونیو بڑھایا ہے اور پلاننگ کے تحت چل رہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ اڑھائی سال میں 1654کلو میٹر موٹروے کو سڑکوں کو قابل استعمال بنایا گیا ہے اور سیالکوٹ تا کھاریاں،کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے کی 27مئی کو گراﺅنڈ بریکنگ ہو گی، اکتوبر سے پہلے بلکسر میانوالی، مظفر گڑھ موٹروے پر کام کا آغاز بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے فیز ٹو کا بھی آغاز عید کے بعد کرنے جا رہے ہیں ، چکدرہ سے دیر موٹروے پر بھی کام اسی سال سے شروع ہوجائے گا، سکھر، حیدرآباد موٹروے کی گراﺅنڈ بریکنگ اکتوبر میں ہو گی، کوئٹہ،چمن سے کراچی 796کلومیٹر شاہراہ کی بہتری کےلئے کام بھی اس سال سے آغاز کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ موٹروے پولیس کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے سے مسافروں کےلئے آسانی پیدا ہو گی، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں پولیس کو ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنا ضروری ہے، کراچی میں سٹریٹ کرائم ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، جس پر ڈرون کیمروں کی مدد سے جرائم کی شرح میں کافی حد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں ڈرون ٹیکنالوجی مددگار ثابت ہو سکتی ہے