محمد جاوید قصوری 30

موجودہ حکمرانوں کی کوئی حیثیت نہیں، اصل حکمران آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک ہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بے روزگاری کی شرح 7 فیصد سے تجاوز کر جانا حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، 59 لاکھ پاکستانی پہلے ہی بے روزگاری کا شکار تھے اور اب اس تعداد میں مزید اضافہ ہو چکا ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، صنعتوں کی بندش، کاروباری سرگرمیوں میں کمی اور حکومتی بے حسی نے لاکھوں خاندانوں کا معاشی مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، ایک طرف نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے روزگار کے لیے دربدر پھر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت عوامی مسائل کے حل کے بجائے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد میں مصروف ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کی کوئی حقیقی حیثیت باقی نہیں رہی بلکہ ملک کے اصل فیصلے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے عالمی مالیاتی ادارے کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سمیت 11 نئی شرائط اس امر کا ثبوت ہیں کہ آنے والے دنوں میں عوام پر مزید 430 ارب روپے کے اضافی ٹیکس مسلط کیے جائیں گے جبکہ پٹرولیم لیوی کی مد میں 727 ارب روپے وصول کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات پہلے ہی معاشی بحران کا شکار غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہیں۔

حکمرانوں نے قومی معیشت کو قرضوں اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ان کا کہناتھا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ بھارت میں گزشتہ چار برسوں کے دوران پٹرول کی قیمت میں صرف 3 روپے اضافہ ہوا جبکہ بنگلہ دیش میں 16 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، لیکن پاکستان میں آبنائے ہرمز کی بندش کو جواز بنا کر پٹرول کی قیمتوں میں 55 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا، جو عوام کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔

حکمران لوٹ مار میں مصروف ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کرے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے اور قومی وسائل پر انحصار بڑھا کر معیشت کو مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ اور ظالمانہ معاشی فیصلوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں