فوزیہ 50

: ملزمان کو مسلح نہ کہنا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے: فوزیہ صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید کے اس بیان پر سخت ترین ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورنگی شاہ فیصل پل پر دن دہاڑے شہریوں سے ڈکیتی کرنے والے ملزمان کو مسلح نہ کہنا انتہائی افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز عروج پر ہیں اور شہری روزانہ لٹ رہے ہیں، مگر حکومتی نمائندے حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے مجرموں کو تحفظ دینے میں مصروف ہیں۔ اگر ملزمان مسلح نہیں تھے تو پھر شہریوں کو لوٹا کیسے گیا؟ کیا عوام کی آنکھوں کے سامنے ہونے والی وارداتیں جھوٹ ہیں؟فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں ملزمان کا فرار ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت کی نااہلی اور ناقص حکمت عملی نے شہر کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،

جبکہ ترجمان کے بیانات سے ایسا لگتا ہے کہ حکومت جرائم کو چھپانے اور اصل صورتحال سے نظریں چرانے کی کوشش کر رہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام مزید جھوٹے بیانات اور کھوکھلے دعوے برداشت نہیں کریں گے۔ اگر حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں