وزیر خارجہ

مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،وزیر خارجہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ”ہیلتھ کاریڈور”کے قیام کیلئے اقدامات کرے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس چیئرمین کمیٹی شہریار آفریدی کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی ۔اجلاس کے آغاز میں شہید کشمیری حریت رہنماؤں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی،اجلاس میں کشمیریوں کی جدوجہد خود ارادیت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ،وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے شہری کرونا وبا کے دوران دوہرے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،ہم نے تنازعات کے باوجود بھارت کو انسانی بنیادوں پر معاونت کی پیشکش کی مگر تاحال بھارت کی طرف سے کوئی مثبت جواب سامنے نہیں آیا ۔

انہوںنے کہاکہ کرونا وبا کی تیسری لہر کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں طبی سہولیات کے فقدان کو پیش نظر رکھتے ہوئے عالمی برادری اور بین الاقوامی ہیلتھ ایجنسیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ”ہیلتھ کاریڈور”کے قیام کیلئے اقدامات کرے ۔ انہوںنے کہاکہ کرونا وبا کے دوران ،دنیا بھر میں، وطن واپسی کے منتظر لاکھوں پاکستانیوں کو واپس لانے میں پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے قابل ستائش کردار ادا کیا ۔