ہمایوں اختر خان

معیشت کی زبوں حالی کی وجہ سے عوام کیلئے مشکل حالات ہیں، ہمایوں اختر

فیصل آباد/ماموں کانجن (رپورٹنگ آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ معیشت کی زبوں حالی کی وجہ سے عوام کیلئے مشکل حالات ہیں ، حلقہ این اے 97کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ ہر دکھ سکھ میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے ، وعدے کے مطابق انتخابات کے بعد بھی عوام سے بلا تعطل رابطے جاری ہیں اور ان شا اللہ یہ سلسلہ اسی طرح چلے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک 103اور509سمیت ماموں کانجن کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر پارٹی رہنمائوں ، علاقہ عمائدین اور عوام سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے ماموں کانجن میں پارٹی دفتر کا افتتاح اوررضوان کاہلوں اور عثمان کاہلوں کے ڈیرے پر علاقے کے لوگوں کے ہمراہ افطاری بھی کی جہاں اہل علاقہ نے انہیں اپنے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میرے لئے عہدے اہمیت نہیں رکھتے ، عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ، علاقے کی عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھی بھرپور اور توانا آواز بلند کریں گے ،ہماری سیاست اور جدوجہد کا واحد مقصد عوام کے مسائل کا خاتمہ اور لوگوں کی زندگی میں خوشحالی لانا ہے جس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔