شاہ محمود قریشی

معلوم نہیں بدھ کے جلسے میں کون اندر ہوگا کون باہر،عوام بھرپور شرکت کریں’شاہ محمود قریشی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عوام سے بدھ کے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتہ اس دن کون اندر اور کون باہر ہوگا، عوام کی موجودگی فیصلہ کرے گی، الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین ہوگی۔ایوان عدل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ اسلام آباد پولیس نے رات گئے تحریک انصاف کے رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مارے، آپ نے کبھی تاریخ میں سرچ وارنٹ کی ایسی تعمیل دیکھی ہے؟ گھروں کے دروازے توڑے گئے، کون نہیں جانتا کہ پولیس کیسے کیسے ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کے دن جلسے کو صرف پی ایس ایل کیلئے موخر کیا تھا، عمران خان کا چھٹا جلسہ مینار پاکستان میں ہونے جارہا ہے، لاہور کے لوگوں سے بدھ کو جلسے میں آنے کی گزارش کرتا ہوں، مجھے نہیں اندازہ کہ ہم میں سے کون جلسے والے دن اندر اور کون باہر ہوگا، تقریر ہو یا نہ ہو سٹیج لگے یا نہ لگے عوام کی موجودگی فیصلہ کرے گی ۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کو ملک کے ایٹمی اثاثوں کو زیر بحث لانے کی ضرورت کیوں پیش آئی، دفتر خارجہ کا بیان ناکافی ہے، عالمی دنیا میں وزیراعظم کو بیان دینا چاہیے، پاکستانی ایٹمی اثاثوں کا ذکر نہیں ہونا چاہیے، قوم اس حوالے سے سوال کرتی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین ہوگی، آئینی حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا اور الیکشن 30 اپریل کو ہی ہونا چاہیے۔