حلیم عادل شیخ 7

معصوم بچیوں کے ساتھ درندگی کے واقعات پوری قوم کے ضمیر پر زخم ہیں، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سرگودھا کی 9 سالہ معصوم بچی منتہی اور قائد آباد کی ننھی تین کلثوم کے ساتھ پیش آنے والے انسانیت سوز واقعات پر گہرے دکھ اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دلخراش سانحات نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے یہ افسوسناک واقعات ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہیں اور اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بچوں کے تحفظ کے لیے موجود نظام میں فوری اور مثر اصلاحات کی ضرورت ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ منتہی اور کلثوم کے قاتل درندے اور ان کے سہولتکار کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے سفاک عناصر جو معصوم جانوں سے کھیلتے ہیں، انسان کہلانے کے حق دار نہیں اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین اور عبرتناک سزا دی جانی چاہیے تاکہ معاشرے میں خوف و ہراس پیدا ہو اور آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ بچیوں کے تحفظ میں ناکامی نہ صرف حکومت بلکہ پورے معاشرے کے لیے لمح فکریہ ہے۔ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں اور بچیوں کی جان، عزت اور تحفظ کو یقینی بنائے۔ اگر معصوم بچے اور بچیاں بھی محفوظ نہیں تو یہ پورے نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے جس کا فوری حل نکالنا ناگزیر ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مطالبہ کیا کہ قائد آباد کی تین سالہ کلثوم کے قاتلوں کی فوری گرفتار کیا جائے اور عبرت کا نشانہ بنایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ بچیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو سرعام عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ معاشرے سے ایسے مکروہ جرائم کا خاتمہ ہو سکے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ منتہی اور کلثوم کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی منتہی اور کلثوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں