امیر مقام 15

معرکہ حق میں پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، معرکہ حق میں پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاک فضائیہ نے جدید جنگی حکمتِ عملی کے ذریعے تاریخی فضائی معرکے میں دشمن کے طیارے اور دفاعی نظام تباہ کیے، معرکہ حق پاکستان کی قومی اور دفاعی تاریخ کا ایک درخشاں اور یادگار باب ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف سیاسی و قومی قیادت نے مثالی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا،معرکہ حق نے عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،حکومت شہدا کے خاندانوں کی عزت، فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی عطا کرے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں