مریم نواز شریف 7

مریم نواز کا تعصب اور اشتعال انگیزی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تعصب اور اشتعال انگیزی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا ہے۔

نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں سے سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اورانتہاپسندی کے رجحانات کو روکنے کی اپیل کی۔

انہوں نے معاشرے سے نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام میں نفرت انگیز تقاریر کی بجائے امن، محبت اور بھائی چارے کے درس کو عام کرنے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل کو روکنا آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر انسانی حقوق کیلئے سنگین خطرہ ہیں، جو تشدد اور سماجی تقسیم کا باعث بنتی ہیں، نفرت انگیز بیانیے مسترد کر کے معاشرے میں برداشت، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نفرت کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذہبی، نسلی، صنفی بنیاد پر یا قومی سطح پر روکنا عالمی ہم آہنگی کی کلید ہے، نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینا ہوگی، نفرت انگیز تقاریر معاشرے میں تقسیم، انتشار اور تشدد کا باعث بنتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مذہبی، نسلی اور صنفی بنیادوں پر نفرت روکنا عالمی ہم آہنگی کی بنیادی کنجی ہے، اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے، کسی کو دلوں میں نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں، آزادیِ اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں