لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیربھٹو شہید کی 73ویں سالگرہ پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جمہوریت اور سیاسی استحکامات کی علامت تھیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے سیاست میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا۔
مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی جرات اور جمہوریت سے وابستگی بے مثال تھی، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کی سیاسی تاریخ کی نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے موسیقی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی ہو یا غم، جدائی ہو یا وصال، موسیقی ہر کیفیت کو بیان کرنے پر قادر ہے، پاکستانی فنکاروں نے مشرقی موسیقی کو بین الاقوامی شناخت دی۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات و ثقافت الحمرا آرٹس کونسل کے تحت نوجوان فنکاروں کی تربیت اور معاونت کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ فن اور موسیقی کے لئے آرٹسٹ فنڈ کے ذریعے نادار فنکاروں کی مالی معاونت جاری ہے، موسیقی امن کا سفیر بن کر محبت اور امن کے پیغام کو سرحدوں کے پار پہنچاتی ہے۔









