متحدہ علما بورڈ 138

متحدہ علما بورڈ کی سیاسی مذہبی جماعتوں کو سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دینے کی اپیل

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) متحدہ علما بورڈ پنجاب نے سیاسی مذہبی جماعتوں کو سیاست معطل کر کے سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دینے کی اپیل کر دی ہے۔ چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا طاہر اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو دو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا جائے، اس وقت انسانیت سسک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے سانحہ اے پی ایس نے قوم کو متحد کردیا تھا آج بھی سیلاب زدگان کی کسمپرسی کا تقاضا ہے کہ قوم متحد ہو کر ان کی مدد کریں۔ چیئرمین متحدہ علما بورڈ کا کہنا ہے کہ جو خود ساختہ مہنگائی کر رہے یہ دوزخ کا ایندھن بنا رہے ہیں، حکومتی اداروں سے اپیل ہے ان منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیں۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ جو نفلی عمرہ کرنا چاہتا ہے وہ بھی پیسہ ان سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دے، تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر توجہ دیں سیاست تو ہوتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری خاندان پاکستان کی سیاست میں مفاہمت کے لئے آگے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی صورتحال میں داڑھی پگڑی اور ٹوپی والوں نے کردار ادا کیا ہے، سب کو نظر آگیا ہے افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں