بیرسٹر دانیال چوہدری 26

قوم نے قائد نواز شریف کی قیادت میں دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی قومی تاریخ کا وہ عظیم اور سنہری دن ہے ، پاکستان اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

وہ یوم تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان، ایم پی اے ضیا اللہ شاہ، اسامہ تنویر اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ 28مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں گونجنے والی تکبیر نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے اور پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی نے نہ صرف دشمن کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور سفارتی حیثیت میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت، جرات اور لازوال قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ، مربوط اور موثر حکمت عملی کے باعث پاکستان کو سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں