ضمنی انتخاب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133لاہور میں ضمنی انتخاب کل ہو گا، الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لئے

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133لاہور میں ضمنی انتخاب کل5دسمبرکو ہو گا، انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیئے، پریذائیڈنگ آفیسر ریٹرننگ آفیسر سے پولنگ بیگ وصول کرے گا، پولیس کے ساتھ پاکستان رینجرز کے اہلکاران پریذائیڈنگ افسران کو سیکیورٹی فراہم کریں گے اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک پولنگ سٹاف کے ہمراہ رہیں گے،حلقے میں قائم تمام 254پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور پاکستان رینجرز لا اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45کی تصویر کھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45کی تصویر لیں گے اور فورا ریٹرننگ افسر کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے،انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فورا ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45کی اصل کاپی ریٹرننگ افسر کے حوالے کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45وصول کیئے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے، ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔

کورونا وائرس کے حالیہ پھیلاﺅ میں اضافے کے پیش نظر انتخابی مٹیریل پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کرتے وقت پولنگ کے دن ووٹنگ کے عمل کے دوران اور ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تا ہم اس سلسلے میں اس بات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے دوران ووٹنگ کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم نہ رہے۔

اگر کسی ووٹر کے پاس ماسک موجود نہ ہو تو الیکشن کمیشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ ماسک فراہم کرے گی۔ریٹرننگ افسر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا اس کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس اور رینجرز کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے بروقت اقدامات کیئے جا سکیں