سردار سلیم حیدر

عوام کی ترقی وخوشحالی خطے میں پائیدار امن سے ہی مشروط ہے’گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں رشین فیڈریشن کے اعزازی قونصل جنرل حبیب احمد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں رشین فیڈریشن لاہور کے اعزازی قونصلیٹ کے سی ای او ،ڈاکٹر محمد اشرف نظامی بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک سے اچھے اور بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی خطے میں پائیدار امن سے ہی مشروط ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دشت گردی کی ہر سطح پر زور مذمت کی ہے اور دنیا نے بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان اقتصادی تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پا کستان روس کے ساتھ معاشی، ثقافتی اور تعلیمی سمیت مختلف شعبوں میں فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر اعزازی قونصل جنرل کی پاکستان کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔ رشین فیڈریشن کے اعزازی قونصل جنرل حبیب احمد نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے۔