مظفر گڑھ(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی پذیرائی نہ ملنے پر شور شرابے کے ذریعے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
فیصل ممتاز راٹھور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جلسے کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کی گئی، تاہم اس کے باوجود وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے سابقہ رویے کو دہراتے ہوئے ماحول کو کشیدہ بنانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب عوامی پذیرائی حاصل نہ ہو سکی تو سخت زبان اور غیر مناسب رویے کا سہارا لیا گیا، جو افسوسناک ہے، انہیں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور خاص طور پر سہیل آفریدی کے طرزِ عمل پر مایوسی ہوئی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے راجا لیاقت علی خان کے انتقال پر بھی اظہار افسوس کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کا مکمل حق ادا نہیں کیا جا سکا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ حکومت مہاجرین کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ریاست میں مقیم مہاجر کشمیریوں کی بہتری کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 25 اپریل کو مظفرآباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران سہیل آفریدی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف سخت زبان استعمال کی تھی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ردعمل سامنے آ رہا ہے۔








