لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان افغان امن اور معاشی استحکام کیلئے فرنٹ لائن پر کام کررہا ہے۔گورنر چوہدری محمد سرور سے ڈپٹی لیڈر لیبر پارٹی برطانیہ انجیلا رائینر اور لارڈ واجد خان کی گور نر ہاو¿س لاہور میں ملاقات ہوئی ہے۔
انجیلا رائینر اور لارڈ واجد خان افغان امن کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کے معترف نکلے، ملاقات میں گورنر پنجاب نے انجیلا اور واجد خان سے افغانستان میں امن اور معاشی استحکام کیلئے آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لارڈ واجد خان سمیت اوورسیز پاکستانیوں کی ملک وقوم کیلئے خدمات کو سراہا۔ملاقات میں چوہدری محمد سرور نے انجیلا رائینر اور لارڈ واجد خان کو کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی بتایا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے افغانستان کو تنہا چھوڑا تو پھر دنیا کے پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہوگا دنیا کو خاموشی ختم کرنا ہوگی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ افغانستان کو کسی بڑے انسانی المیہ سے بچانے کیلئے دنیا کو افغان قیادت کی غیر مشروط امداد کرنا ہوگی، پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں افغان امن اور معاشی استحکام کیلئے فرنٹ لائن پر کام کررہا ہے۔انکا کہنا ہے کہ الحمد للہ برطانیہ کے دونوں ایوانوں میں پاکستانیوں کی بڑی جاندار نمائندگی موجود ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی ایک المیہ ہے وہاں انسانی حقوق نام کی کوئی چیز نہیں۔چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان اور بر طانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے۔









