کراچی (رپورٹنگ آن لائن )شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر رانا شمیم کی تقرری کے خلاف درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں وائس چانسلر شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی آف لا میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نا ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔وکیل پروفیسر عمر فاروق نے درخواست میں موقف پیش کیا کہ آئین کے آرٹیکل 207 کے تحت چیف جسٹس یا جج ریٹائڑمنٹ کے دو سال تک کوئی عہدہ نہیں لیا جا سکتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ سابق چیف جج رانا شمیم پچاس لاکھ روپے ماہانہ وصول کر رہے ہیں جبکہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی جاری ہے۔عمر فاروق وکیل درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ رانا شمیم کے حلف نامے سے پوری عدلیہ بدنام ہوئی ہے۔ ریٹائرمنٹ کے چھ ماہ بعد ہی رانا شمیم کو وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے یہ بھی موقف پیش کیا کہ سابق جج رانا شمیم اب تک 12 کروڑ روپے سے زائد کے فائدے لے چکے ہیں۔ رانا شمیم کو وائس چانسلر کے عہدے سے ہٹا کر نیب کو تحقیقات کا حکم دیا جائے۔









