فیاض الحسن چوہان

شہباز شریف کی پریس کانفرنس ممکنہ گرفتاری سے پہلے ایک بجھتے چراغ کی آخری ٹمٹماہٹ ہے ‘فیاض الحسن چوہان

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس کو ممکنہ گرفتاری سے پہلے ایک بجھتے چراغ کی آخری ٹمٹماہٹ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف جعلی اکانٹس، منی لانڈرنگ، جعلی ٹی ٹی اور کرپشن کیسز میں اپنی متوقع گرفتاری کو سیاسی رنگ میں رنگنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری وزیرِ اعظم عمران خان کی ذاتی خواہش یا سیاسی انتقام نہیں بلکہ خود ان کی وزارتِ اعلی کے دور کی لازوال، تابناک اور بے مثال کرپشن کے باعث عدالتوں اور احتسابی اداروں کی ضرورت ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ شہباز شریف کا ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کا دعوی بالکل درست ہے کیونکہ شہباز شریف صاحب نے کھربوں ڈالرز، یوروز، دینار، درہم اور روپے کی کرپشن کی ہے۔

ملکی معیشت کی زبوں حالی کے حوالے سے شہباز شریف کے بیان پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ رواں سال کوویڈ-19 کے آغاز میں بھی شہباز شریف نے ملکی معیشت کی تباہی کا واویلا مچایا تھا لیکن اللہ کے کرم اور وزیرِ اعظم عمران خان کی احسن پالیسیوں کی بدولت حکومت اس امتحان میں سرخرو ہوئی۔ آج ایک دفعہ پھر شہباز شریف معیشت کی تباہی کا شور مچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 100 ارب منافع دینے والا صوبہ پنجاب شہباز شریف نے دس سال میں 1250 ارب کا مقروض کر دیا۔

پاکستان کا خزانہ لوٹنے، منی لانڈرنگ، اقربا پروری کے بعد شہباز شریف کا گندم، آٹے اور چینی پر واویلا نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی کی عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ن لیگ کے اسوقت کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے آقاں کو نوازتے ہوئے چینی پر تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ لیگی رہنما رات کے اندھیرے میں آرمی چیف اور خفیہ ایجنسی کے سربراہان سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور دن کی روشنی میں یہی منافق رہنما قومی سلامتی کی اداروں کو ہدف تنقید بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی برادری پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں برابر کی شریک ہونے پر فخر محسوس کرتی ہے۔