امیر مقام 16

پاکستان اور کشمیر کے درمیان مضبوط رشتے کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا،امیرمقام

کھوئی رٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان مضبوط رشتے کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا،اگر عوام 27 جولائی کو مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دیں گے تو آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

گزشتہ روز کھوئی رٹہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے ایک بڑے عوامی جلسے اور شمولیتی تقریب سے خطاب کیا، جہاں امیدوار راجہ ایاز نثار (حلقہ ایل اے-13 کوئرٹہ 6) اور ہزاروں کارکنوں نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔تقریب کے دوران سابق امیدوارشاداب سکندر خان ایڈووکیٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ ایاز نثار کی مکمل حمایت کا اعلان کیا جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار خلیل ظہیر بھی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شامل ہوگئے۔

اس کے علاوہ پی آر او اشرف اور راجہ مطلوب نے بھی اپنے حامیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کی۔اپنے خطاب میں وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ آج کی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر امورِ کشمیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہزاروں شہدا نے قربانیاں دی ہیں اور قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 27جولائی کے انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان مضبوط رشتے کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی ہے،جب میاں محمد نواز شریف وزیرِاعظم تھے تو آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام 27 جولائی کو مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دیں گے تو آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اتحاد کے ذریعے عوام کی خدمت کا سفر مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شیر ہر کارکن اور ہر ووٹر کی علامت ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن)بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی نگرانی کا اعلان کیا ہے اور پنجاب کے ترقیاتی ماڈل کو آزاد کشمیر میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اس نشست پر نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔تقریب میں چوہدری عبدالرحمن آرائیں، سابق وزیر آزاد کشمیر راجہ نثار احمد خان، یاسر منشا اور سردار طارق محمود سمیت دیگر رہنما اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں