کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سڑکوں پر بینرز لگانا یاوال چاکنگ کرنا غیر قانونی عمل ہے، لگتا ہے بنگالی بابا نے کسی کو انگیج کردیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں سڑکوں پر بینر نہیں لگے ہوتے۔
لاہور اسلام آباد میں بھی ایسی صورتحال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو صاف کرنے کا مطالبہ بھی بینر لگا کر کیا جارہا ہے۔ شہر کو صاف کرنا چاہتے ہیں، تو سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرنٹنگ پریس والے اپنا کام کریں، بینر سڑکوں پر لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بینر لگانے والے سرکار کو کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ دکانداروں کو کہتا ہوں کہ وہ کیوں غیر قانونی کاموں کا حصہ بن رہے ہیں؟۔
اظہار رائے کی آزادی قانون کی پاسداری سے مشروط ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ قانون موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یا میرا کوئی مخالف میرے خلاف باتیں کرتا ہے تو کرے لیکن شہر میں بینر یا چاکنگ غیر قانونی ہے۔ عدالت نے بھی حالیہ دنوں وال چاکنگ کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔ لگتا ہے بنگالی بابا نے کسی کو انگیج کردیا ہے۔ مجھے بتائیں بنگالی بابا کہاں ہے، میں جاکر اس سے ملنا چاہتا ہوں۔









