اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ نے وندر ڈیم تعمیر کیس میں نجی تعمیراتی کمپنی کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ڈیم کے قومی منصوبے کو روک نہیں سکتے،
منصوبے کی لاگت بڑھی تو تعمیراتی کمپنی ادا کرے گی۔
سپریم کورٹ میں وندر ڈیم تعمیر کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس مشیر عالم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی،
دوران سماعت معزز جج نے ریمارکس دئیے کہ ڈیم کے قومی منصوبے کوروک نہیں سکتے،روکنے سے لاگت بڑھ جائے گی۔
جسٹس قاضی امین نے کہا کہ منصوبے کی نیلامی کا طریقہ کار شفاف ہونا چاہئے، اگرنیلامی کا عمل کچھ الٹا سیدھا ہوا توکسی کو نہیں چھوڑیں گے ،بدقسمتی ہے ایسے منصوبوں پر کل رقم کاصرف ساٹھ فیصد خرچ ہوتا ہے۔
دوران سماعت مالک تعمیراتی کمپنی نے کہا کہ مجھے وکیل کرنے کیلئے چار ہفتے کی مہلت دیں،
جس پر جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ منصوبے کی لاگت بڑھی تو آپ ادا کریں گے جبکہ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ڈیم پر کام روکنے سے 10 ارب کا منصوبہ 50 ارب کا ہوجائے گا۔
بعد ازاں عدالت نے نجی تعمیراتی کمپنی کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کردی۔









