پولیو مہم 35

سندھ کے 20 اضلاع میں 31 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیے گئے

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے کوششیں تیزی سے جاری ہیں، جہاں صوبے کے 20 اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے تیسرے روز تک مجموعی طور پر 31 لاکھ 30 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اب تک سب سے نمایاں کارکردگی لاڑکانہ ڈویژن کی رہی ہے، جہاں سب سے زیادہ یعنی 9 لاکھ 75 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی ہے۔

دوسری جانب، صوبائی دارالحکومت کراچی کی 89 یونین کونسلز (UCs) میں خصوصی انسدادِ پولیو بوسٹر مہم اپنے آٹھویں روز میں داخل ہو گئی ہے، جو 24 مئی 2026 تک جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گنجان آبادی اور لوگوں کی مسلسل نقل و حرکت کی وجہ سے کراچی پولیو کے پھیلاؤ کے لحاظ سے ہمیشہ ایک ہائی رسک (شدید خطرے والا) علاقہ رہا ہے، اسی خطرے کے پیشِ نظر ان ہائی رسک علاقوں میں بوسٹر ڈوز کا سہارا لیا جا رہا ہے تاکہ وائرس کی افزائش اور پھیلاؤ کو جڑ سے روکا جا سکے۔

سندھ پولیو پروگرام کے حکام نے بتایا کہ کراچی کی ان تمام 89 یونین کونسلز میں اب تک 16 لاکھ 20 ہزار بچوں کو بوسٹر ویکسین دی جا چکی ہے۔

انسدادِ پولیو پروگرام کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ٹیمیں فیلڈ میں انکاری والدین کو پیار اور کونسلنگ کے ذریعے قائل کر رہی ہیں، تاکہ کوئی بھی بچہ اس حفاظتی خوراک سے محروم نہ رہے اور شہر کو پولیو سے پاک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں