حلیم عادل شیخ 10

سندھ کو 48 فیصد پانی کی قلت، پیپلزپارٹی کی نااہلی سندھ کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے،حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کو اپنے حصے سے 48 فیصد پانی کم ملنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی نااہلی اور مفاداتی سیاست کی وجہ سے سندھ اس وقت شدید آبی بحران کا شکار ہے۔ سندھ کو اپنے حصے سے 48 فیصد پانی کم مل رہا ہے، جس کے باعث زرعی زمینیں بنجر بنتی جا رہی ہیں جبکہ تیار فصلیں پانی نہ ہونے کے باعث سوکھ رہی ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ ایک زرعی صوبہ ہے اور زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، مگر افسوس کہ پیپلزپارٹی سندھ کے وسائل اور عوامی مفادات کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کی خاطر سندھ کے وسائل کا سودا کیا ہے اور آج بھی سندھ کے عوام کو تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی پانی کے معاملے پر بیان بازی کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے جبکہ حقیقیت میں پ پ اور ن لیگ ایک سکے کے دو رخ بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے متنازع کینالوں کی اجازت دے کر سندھ کے عوام سے غداری کی تھی، متنازع کینالوں کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے دریائے سندھ بچائو تحریک کے پلیٹ فارم پر سندھ بھر میں احتجاج کیا اور اب پانی کی قلت پر بھی آئندہ جدوجہد جاری رہے گی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر سندھ کے حصے میں پانی کم ملا تو کراچی میں مزید پانی کی قلت پیدا ہوگی، جبکہ اس وقت بھی کراچی کے 80 فیصد شہری پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بحران نے شہری اور دیہی دونوں علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جو پانی دستیاب ہے، اسے بھی پیسوں کے عوض فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ سندھ کے کاشتکار پانی نہ ملنے پر سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے کاشتکاروں کو ٹیل تک پانی کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کے مفادات کا سودا نہیں کیا تو اسے وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرکے سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے پانی پر کسی قسم کی سودیبازی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی اور سندھ کو 1991 واٹر معاہدے کے مطابق اس کا مکمل حق دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں