کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کراچی کےلئے مزید ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان کیا ہے ۔ شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کےلئے مزید ایک ہزار پنک ای وی اسکوٹیز خریدے گی جب کہ کراچی کیلئے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لارہے ہیں۔سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو مزید وسعت دینے کےلئے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد لاڑکانہ، دادو،سیہون، حیدرآباد اور سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔









