فواد چوہدری

سارے بڑے ڈاکو کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں،فواد چوہدری

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نئی کابینہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارے بڑے ڈاکو کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کابینہ میں شامل افراد پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے نام پر چوں چوں کا مربہ ہے۔ فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ سارے بڑے ڈاکو کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں، لگتا ہے کہ سنٹرل جیل کا حاضری رجسٹر ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ کہاں کہاں شرمندہ ہونا پڑتا ہے اس کرائم منسٹر کی وجہ سے، جب وہ خود کہہ رہا ہے قوم بھکاری ہے تودشمنوں نے کیا کیا نہیں کہنا۔

سابق وفاقی وزیر نے اس ٹئٹ میں ایک بھارتی چینل کا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے جس میں ٹی وی چینل کا میزبان فواد چوہدری سے سوال کرتا ہے کہ آپ کا وزیراعظم پاکستان قوم کو بھکاری بول رہا ہے۔ جس پر فواد چوہدری جواب دیتے ہیں کہ یہ انتہائی غلط بیان ہے اگر وہ بھکاری ہیں تو انہیں لیڈر نہیں ہونا چاہیے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر قوم غریب بھی ہے تو ان ہی لیڈروں کی وجہ سے یہ کیسے بھکاری ہیں جن کے لندن میں فلیٹ ہیں، زرداری اور نواز شریف اربوں پتی ہیں۔ جس پر میزبان طنزیہ انداز میں کہتا ہے کہ بھکاری ہیں مگر الگ قسم کے!