لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں سابق صوبائی وزیر قانون و رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں ایک بار پھر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کردی ہے۔ عدالت کے جج کی عدم تعیناتی کے باعث ہفتہ کے روز بھی رانا ثنا اللہ سمیت دیگر پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
عدالت کے ڈیوٹی جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی31 جولائی تک ملتوی کردی۔ رانا ثنااللہ نے اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوکر حاضری لگائی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ پر 15 کلو منشیات سمگل کرنے کا الزام ہے۔رانا ثنااللہ کو اے این ایف حکام نے یکم جولائی 2019کو موٹر وے پر ناکہ لگا کر منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ سے رانا ثنااللہ ضمانت پر رہا ہوئے