رانا ثناء اللہ 59

دہشت گرد ہمیں ترقی سے روکنا چاہتے ہیں ،انہیں ہر صورت واصل جہنم کیا جائیگا، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے خصوصی مشیربرائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمیں ترقی سے روکنا چاہتے ہیں ،انہیں ہر صورت واصل جہنم کیا جائیگا، ہماری افواج اور سکیورٹی فورسز دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے ،حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، میڈیکل تعلیم کے فروغ اور صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے ۔

وہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں بڑی تعداد میں میڈل اور اعزازات حاصل کرنیوالے ڈاکٹروں اور طلبہ و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ رانا ثنائ اللہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان ڈاکٹر بڑی تعداد میں میڈلز اور پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں جو نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے میڈل حاصل کرنیوالے تمام ڈاکٹروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے حلف اٹھاتے وقت دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کا عہد کیا ہے جہاں نہ مذہب دیکھا جاتا ہے، نہ نسل اور نہ رنگ، بلکہ سامنے آنے والا ہر شخص صرف ایک انسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان صحت مند نہ ہو تو وہ زندگی کی کسی بھی نعمت سے لطف اندوز نہیں ہو سکتا، اس لیے صحت کا شعبہ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک ضرور جائیں مگر واپس آ کر اپنے وطن اور عوام کی خدمت کریں کیونکہ یہ ان پر قوم کا قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو محض دولت کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے،وہ انسانیت کی خدمت کریں، عزت اور معاشی آسودگی خود ان کے قدموں میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈینٹل میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد والی جگہ پر تعمیراتی کاموں کے لیے آئندہ مالی بجٹ میں فنڈز مختص کروائے جائیں گے جبکہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں پنجاب میڈیکل کالج کے ایک سربراہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے صرف 10 دن میں میڈیکل یونیورسٹی بنانے کی ہدایت دی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہوں نے تجویز دی کہ اگر پنجاب میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے تو یہ ممکن ہو سکتا ہے اور یوں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں پیش آنے والے حالیہ المناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں 32 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ 150 افراد زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہمیں ترقی سے روکنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ہر صورت واصل جہنم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے اور ہماری افواج اور سکیورٹی فورسز میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ان عناصر کا مکمل خاتمہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے سانحے کے بعد پوری قوم متحد ہوئی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا، تاہم 2021 میں یہ عناصر دوبارہ پاکستان میں داخل ہوئے جن کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے اور ان عناصر کو کسی صورت ملک کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات اور میڈل حاصل کرنے والوں کو اعزازات دئیے گئے۔ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ نے یو ایچ ایس میں مجموعی طور پر 11 نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق مختلف سیشنز میں مجموعی طور پر 204 گولڈ میڈلز، 37 سلور میڈلز اور 42 برانز میڈلز دئیے گئے جبکہ 937 ڈسٹنکشنز بھی طلبہ و طالبات نے حاصل کیں جو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور صحت کے شعبے میں حکومتی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں