فیصل کریم کنڈی 17

خیبرپختونخوا میں کل سے سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کے مسائل کے حل کے لیے متحد ہیں، خیبرپختونخوا میں کل سے سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے۔

اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا ڈاکٹرعباد اللہ، صوبائی مشیرخزانہ مزمل اسلم کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کےعوام کے مسائل کا حل ترجیح ہے، مسائل حل کرنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وفاق مضبوط ہو، جب بھی کوئی کے پی کا ایشو اٹھائے گا ہم اس پر سیاست نہیں کریں گے، ہم صوبے کے لئے کام کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے حلف لیا تو سپیکر نے جرگہ بلایا، ہم نے شرکت کی، گندم کے ایشو پر ہم اکٹھے ہوئے اور سب نے مثبت کردار ادا کیا، ہم نے پریس کانفرنس کی کہ یہ ہمارا جمہوری اور آئینی حق بنتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم وفاق کی مضبوطی چاہتے ہیں اس لئے وزیراعظم سے معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کی، کے پی کی طرف سے مشکور ہیں ہماری بات سنی، ہم نے سی این جی کا معاملہ بتایا 35 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دینے پر اتفاق ہوا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کل سے کے پی میں سی این جی سٹیشن کھل جائیں گے، صبح 6 سے شام 6 بجے تک بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخوا مل کر مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، وزیراعظم نے ایکشن لے لیا ہے، ایک دو روز میں گندم کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا

صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کا شکرگزار ہوں، ہم نے حکومت سے کہا اپنا مقدمہ لائیں بات چیت سے حل کریں گے، گالم گلوچ سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ آرٹیکل 151 کہتا ہے کہ ملک میں کسی کی ترسیل کو کوئی روک نہیں سکتا، گیس کی وجہ سے سستی بجلی پیدا ہوتی ہے، آئین کہتا ہے کہ جہاں سے گیس نکلتی ہے وہاں پوری کی جائے پھر آگے دی جائے۔

صوبائی مشیر خزانہ نے کہا کہ مستقبل میں کے پی گیس اور آئل کا حب بننے جا رہا ہے، کے پی میں کارخانے بھی لگائے جائیں، بجٹ کے دنوں میں درخواست ہے کہ مرج علاقے کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دی جائے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ اس سال کی ادائیگیوں میں بھی تاخیر ہوئی ہے، وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کا فوری مسئلے کا نوٹس لینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، این ایف سی ایوارڈز کے حوالے سے صوبے کا مقدمہ لڑیں گے۔

آج مذاکرات کی جیت ہوئی ہے، آج ہم سب ایک پیج پر بیٹھے ہیں، یہ سیاست اور کے پی کی جیت ہے، شہباز سپیڈ مشہور ہے وہی سپیڈ لگا کر مسئلہ حل کیا، امید ہے جلد دوسرا ایشو بھی حل ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں