محمد جاوید قصوری 32

حکومت گندم کی خریداری میں ناکام، نظام مڈل مینوں نے یرغمال بنا رکھا ہے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت گندم کی خریداری میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں، مڈل مینوں نے پورے خریداری نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے اور کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ نہیں مل رہا، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ فی من 3500 روپے کی قیمت بھی عملی طور پر کہیں دستیاب نہیں، جس کے باعث کاشتکار اپنی فصل اونے پونے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گندم کی فصل کے معاملے میں حکومتی نااہلی ناقابل قبول ہے۔ کسان پورا سال محنت کرتا ہے، مہنگی کھاد، بیج اور زرعی ادویات خریدتا ہے، لیکن جب فصل تیار ہوتی ہے تو اسے منڈی میں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ یہ صورتحال نہ صرف کسان دشمن پالیسیوں کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ملکی زرعی معیشت کے لیے بھی خطرناک ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے کسانوں کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے۔ اگر یہی حالات رہے تو آئندہ سیزن میں کاشتکار گندم کی کاشت سے بھی گریز کریں گے، جس سے غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گندم خریداری کا شفاف اور مؤثر نظام متعارف کروائے، مڈل مینوں کا کردار ختم کرے اور کسانوں کو براہ راست ان کا حق فراہم کرے۔

انہوں نے اس موقع پر جماعت اسلامی کی جاری ممبر سازی مہم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد عوامی قوت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ہر مظلوم طبقے کی آواز مؤثر انداز میں بلند کی جا سکے۔ جماعت اسلامی ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے مسائل کو اجاگر کر رہی ہے اور کسانوں کے حقوق کے لیے بھی ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں اور ایسے نظام کے خلاف آواز بلند کریں جو صرف اشرافیہ کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور حکمرانوں کو مجبور کرے گی کہ وہ فوری طور پر کسانوں سمیت تمام طبقات کو ریلیف فراہم کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں