عظمی بخاری 34

حمزہ شہباز ،مریم نواز کی نجی گفتگو لیک کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی’عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز کی نجی گفتگو لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی تاریخ کی سب سے زیادہ منصوبے شروع اور مکمل کرنے والی وزیر اعلیٰ ہیں،پنجاب حکومت کے تمام منصوبے شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کا مظہر ہیں،جن پر کرپشن کا کوئی داغ ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا حال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف وعدے کیے، پی ٹی آئی نے پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کے دعوے کیے مگر عملی طور پر ایک بھی وعدہ پورا نہ کر سکی، اس کے برعکس، پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین میں 10 ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جبکہ کسان کارڈ پروگرام کے تحت 10 لاکھ سے زائد کسانوں میں 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے 16 فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام جان سکیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ کہاں لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کلچر ختم ہو چکا ہے، اب نہ ڈی سی اور اے سی کا ریٹ نکلتا ہے نہ کسی دفتر کا کمیشن۔ بیوروکریسی کی کارکردگی KPIsکے تحت مانیٹر کی جا رہی ہے تاکہ عوامی خدمت میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب میں ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 40 ہزار ورکرز اور دو ہزار افسران صفائی کے نظام میں مصروف ہیں۔

اب تک 94 لاکھ ٹن سے زائد ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے، جو تاریخ کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا فیز ٹو شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 200 نئی بسیں فراہم ہوں گی جبکہ دسمبر تک 1100 الیکٹرک بسیں 42 شہروں میں چلائی جائیں گی۔وزیر اطلاعات نے اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کو مریم نواز کا فخر قرار دیا اور بتایا کہ 1 لاکھ 4 ہزار 800 خاندانوں کو قرضے دیے جا چکے ہیں، 30 ہزار گھر مکمل ہو چکے اور 90 فیصد تعمیرات آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کینسر اور امراضِ قلب کے مریضوں کے لیے ادویات گھروں تک پہنچانے کے پروگرام، چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں 7 ہزار بچوں کی کامیاب سرجری، اور سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال کے تکمیل کے قریب ہونے کو حکومت پنجاب کی فلاحی ترجیحات کا عکاس قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ اب سرکاری ہسپتالوں میں ضروری نہیں، علاج مکمل طور پر فری ہے، جبکہ کینسر ہسپتال اگلے ماہ مکمل ہو کر ایمرجنسی خدمات کا آغاز کرے گا۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بلاسود ای بائیکس اسکیم کے تحت 27 ہزار طلبہ و طالبات کو بائیکس فراہم کی جا چکی ہیں، جن میں 8200 الیکٹرک بائیکس طالبات کے پاس ہیں، جبکہ یتیم بچوں کے لیے خصوصی ای بائیکس اسکیم مریم نواز نے متعارف کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاش کوئی ایسی عینک بن جائے جو کے پی کے حکمرانوں کو محرومیاں، خراب سڑکیں، خالی اسکول اور بگڑتی امن و امان کی صورتحال دکھا سکے، اگر ایسی عینک بنانے میں مدد چاہیے تو پنجاب حکومت تیار ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز کی نجی گفتگو لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیفیمیشن کورٹ جا رہے ہیں، اگر عدالت نے سزا نہ دی تو 30 لاکھ روپے کا جرمانہ ضرور دینا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں