بیروت(رپورٹنگ آن لائن) حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل سے مذاکرات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے میں لبنان کو بھی شامل کیا جانا چاہئے۔
سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے کہا کہ ایران امریکا معاہدہ جلد مکمل ہوگا، معاہدے کے نتیجے میں مکمل جنگ بندی ممکن ہو سکے گی، لبنانی حکومت اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات فوری ترک کرے۔
نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات ناقابل قبول ہیں، براہ راست مذاکرات سے صرف اسرائیل کو فائدہ ہوگا، لبنان کے تمام مسائل اندرونی طور پر حل کیے جا سکتے ہیں، بیرونی دباؤ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، امریکا کو رعایت دینا دراصل اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا تباہی کے مترادف ہوگا، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، حزب اللہ کا اسلحہ لبنان کے دفاع اور اسرائیلی خطرات کے خلاف مزاحمت کی بنیادی قوت ہے۔
لبنان کے مسلح گروپ حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج اور ان کی پوزیشنز کو نشانہ بناتے ہوئے 28 مختلف کارروائیاں کیں۔
لبنان کے مزاحمتی گروپ کے مطابق ان حملوں میں راکٹوں کی بوچھاڑ، توپ خانے کے گولے اور ڈرونز استعمال کیے گئے، کارروائیوں کا زیادہ تر ہدف قصبہ بیاضہ تھا، جہاں اسرائیلی فوجی گروپس، گھروں کے اندر موجود فوجی اہلکاروں، تکنیکی آلات اور ایک نئے قائم کردہ کمانڈ سینٹر کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کے جنوبی قصبے عرب سلیم پر اسرائیلی فضائی حملے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 6 طبی کارکن بھی شامل ہیں۔









