کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ حج مشکلات اور صبر کا نام ہے، حجاج کرام ملکی سلامتی کیلئے ضروری دعائیں کریں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے خوش نصیب لوگ ہیں جو حج پر جارہے ہیں، اللہ پاک سے آپ سب عازمین دعا کریں کہ ملک ترقی کرے، پاکستان میں بسنے والوں کے لئے دعا کریں، رزق حلال کمانے کی کوشش کے لئے دعا کریں۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان حج کرنے والوں میں دوسرا بڑا ملک ہے اور پاکستانی عمرہ کرنے والی نمبر ون قوم ہے لیکن پاکستانی دو نمبری کرنے میں دوسرے نمبر پر ہیں، لوگ موبائل فونز سے انتظامات خراب ہونے کا سوشل میڈیا پر ڈالتے ہیں لیکن حج تو مشکلات کو برداشت کرنے اور صبر کا نام ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں عازمین حج پیدل پھر بحری جہازوں اور اب جہازوں کی سہولت سے حج پر جاتے ہیں، جہازوں کے ذریعے چند گھنٹوں میں اب آپ پہنچ سکتے ہیں۔









