بابر اعظم 45

جیت میرے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، کوشش تھی فارم واپس لاؤں جس میں کامیاب ہوا، بابراعظم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ یہ جیت فرنچائز اور میرے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، میری کوشش تھی کہ فارم کو واپس لاؤں جس میں کامیاب ہوا۔

پی ایس ایل 11 کے فائنلز میں شاندار کامیابی کے بعد پریس بریفنگ میں بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کیا، ٹیم مینجمنٹ نے بہت سپورٹ کیا، یہ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور اُن کے شائقین کیلئے زبردست لمحہ ہے، میچ ٹو میچ پلان کیا جس کی وجہ سے کامیابیاں ملتی رہیں۔

دوسری جانب حیدر آباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین کا کہنا تھا کہ ہم نے فائنل میں کم رنز کیے، اوور آل ہماری ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی، ناک آؤٹ گیمز میں ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی، حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹ سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی ہے۔

پشاور زلمی کی ٹیم کو 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا، کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے، حارث نے 6 اور کوشال مینڈس نے 9 رنز بنائے، جبکہ بریسویل محض 4 رنز بناسکے۔

زلمی کی چوتھی وکٹ 40 رنز پر گر گئی تھی جس کے بعد ایرون ہارڈی نے 56 اور عبدالصمد نے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلوا دی، یوں زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں