عظمیٰ بخاری 26

جو بھی ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھے گا اس کا حشر بھارت جیسا ہوگا’ عظمیٰ بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ”آپریشن بنیان المرصوص”کے کامیاب انعقاد کو ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار اور سنہرا باب بن چکا ہے جس میں ہماری بہادر افواج نے وہ عظیم کارنامے سرانجام دیئے ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے کارنامے آج دنیا کی بڑی افواج کے لیے ایک بہترین سٹڈی کیس بن چکے ہیں، جبکہ اس شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی قوم کی جانب سے مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ہر شہری کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فوجی قیادت پر مکمل فخر ہے کیونکہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست ہے جس کی پہلی ترجیح ہمیشہ امن رہی ہے۔

عظمی بخاری نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھے گا اس کا حشر بھارت جیسا ہوگا، لہذا بھارت کے لیے بہتر ہے کہ وہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسی اپنی تمام پراکسیاں اور مداخلت فوری طور پر بند کرے کیونکہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں