جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال شعبہ آرتھو پیڈک میں جدید سہولیات سے مزین ای لائبریری کا افتتاح

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ،امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے طبی تعلیم کے فروغ اورریسرچ کے کام کو مزید آگے بڑھانے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ آرتھو پیڈک میں جدید سہولیات سے مزین ای لائبریری کا افتتاح کر دیا جہاں ڈاکٹرز کے لئے جدید میڈیکل تعلیم اور اس سے متعلق” اپ ڈیٹ” شامل ہوں گے۔ اس موقع پرپروفیسرآف آرتھو پیڈک ڈاکٹر محمد حنیف،ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر شہزاد احمد بوسال،ڈاکٹر محمد اقبال میو،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر شیراز، فضاء سلطانہ و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ای لائبریری کے قیام کا بنیادی مقصد بلا رکاوٹ معلومات کے حصول اور کتب بینی کے رجحانات کو فروغ دینا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز اس سہولت سے لازمی استفادہ کریں کیونکہ یہ ای لائبریری طب کے شعبے میں تعلیم و تحقیق کے حوالے سے ایک انقلاب برپا کرے گی۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے اعلان کیا کہ مذکورہ لائبریری میں مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ میڈیکل سٹوڈنٹس مستفید ہو سکیں اور زیادہ سے زیادہ مریضو ں کو بہتر سے بہتر طبی سہولتیں فراہم ہو سکیں۔

پروفیسرآف آرتھو پیڈک ڈاکٹر محمد حنیف نے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ لائبریر ی میں بیک وقت 11ہزار کتابوں /ریسرچ پیپرز تک رسائی ممکن بنائی گئی ہے اور دنیا بھر سے 700کنسلٹنٹ کے ساتھ رابطے کیلئے آن لائن سہولت دی گئی ہے۔یہ ایک نیا سنگ میل ہے جو پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے عبور کیا ہے جو آنے والے وقت میں میڈیکل کے شعبے کی ترقی کیلئے ایک نمایاں کردار ادا کرے گا۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ای لائبریری گھر بیٹھے دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کے میڈیکل ایکسپرٹ کے ساتھ برا ہ راست رابطے کا بہتر ذریعہ ثابت ہوگی۔آج پوری دنیا” گلوبل ویلیج ” بن چکی ہے اور میڈیکل کے شعبے میں ہونے والی ریسرچ اور ترقی سے کسی بھی ملک کے میڈیکل طلباء آن لائن استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل ہسپتال انتظامیہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ای لائبریری کا قیام عمل میں لائی ہے تاکہ مقامی طلبا ترقی یافتہ ممالک میں ہونے والی جدید تحقیق اور “ایڈوانسمنٹ” سے آگاہ رہ سکیں جس کا بالواسطہ فائدہ مریضوں کو ہو گاجس کا ادارے کے ینگ ڈاکٹرز کی طرف سے بھی خیر مقدم کیا گیا ہے اور اس ای لائبریری میں گہری دلچسپی سامنے آئی ہے۔