محمد جاوید قصوری 4

جماعت اسلامی (کل )اوکاڑہ میں جلسہ عام کرے گی، عوام بھرپور شرکت کریں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی ناہمواری، مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی لاقانونیت نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، بجلی اور گیس کے ہوش ربا بلوں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور نت نئے ٹیکسوں نے عوام کی قوتِ خرید ختم کرکے رکھ دی ہے جبکہ دوسری جانب بااثر اور صاحبِ اختیار طبقے کو حاصل مراعات اور ٹیکسوں میں چھوٹ کے باعث معاشی انصاف کا تصور کمزور ہو رہا ہے، حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے اخراجات اور مراعات میں کمی کریں اور ملک کے غریب و متوسط طبقے کو حقیقی ریلیف فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں 11 اکتوبر بروز اتوار منعقد ہونے والے جماعت اسلامی کے جلسہ عام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑہ میں آج بروز اتوار 11 اکتوبر کو منعقد ہونے والا جلسہ عام عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشی انصاف کے مطالبے کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ ہوگا۔ انہوں نے عوام، تاجروں، مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے حقوق کے لیے پُرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد کا حصہ بنیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے محنت کش، مزدور، کسان، چھوٹے تاجر اور تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور یوٹیلیٹی بلوں نے گھریلو بجٹ تباہ کر دیا ہے۔ والدین بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے پریشان ہیں، جبکہ نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع میسر نہیں آ رہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی حقوق، معاشی انصاف اور شفاف طرز حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے، پٹرولیم لیوی کو مکمل ختم کیا جائے ۔بے روزگاری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے۔ محض اعلانات اور دعووں سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس کے لیے عملی اقدامات اور جواب دہ نظام ضروری ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی ایک طبقے کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کو باعزت زندگی، بنیادی سہولتیں اور معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہے۔ جب تک عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور غیر منصفانہ ٹیکسوں سے نجات نہیں ملتی، جماعت اسلامی ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں