سمیع ثانی 11

بہت جلد لوگ مجھے دوبارہ اداکاری کرتے دیکھیں گے، اداکار سمیع ثانی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع ثانی انسٹاگرام پر اپنی ریلز کے وائرل ہونے کے بعد آج کل سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

سمیع ثانی کو 90 کی دہائی میں اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے بہت شہرت حاصل ہوئی تھی اور بعد میں انہوں نے ہدایت کاری کے میدان میں بھی کامیابی حاصل کی۔حال ہی میں اداکار کی انسٹا گرام ریلز وائرل ہوئیں تو صارفین نے ان کے شوبز کیریئر کے بارے میں مختلف قسم کے سوالات کرنا شروع کر دیے۔جس کے بعد سمیع ثانی نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے۔

اداکار سے یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ کامیاب اداکار ہونے کے باوجود بھی انہوں نے اداکاری کیوں چھوڑ دی؟سمیع ثانی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں خود کو کامیاب نہیں سمجھتا، میں نے اداکاری اور ہدایت کاری سمیت سب کچھ کیا لیکن میرا یقین ہے کہ کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے، یہ بات میں مانتا ہوں کہ مجھے اداکاری میں پزیرائی ملی اور اسی لیے میں اس شعبے میں کام کرتا رہا۔انہوں نے اداکاری چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں برج دلو سے تعلق رکھتا ہوں، اس لیے میرے اندر ایک بے چین روح موجود ہے، میں ایک کام بہت لمبے عرصے تک نہیں کر سکتا، بوریت ہونے لگتی ہے، اس لیے مختلف قسم کے تجربات کرتا رہا اور آج تک کر رہا ہوں۔

سمیع ثانی نے کہا کہ انسان کبھی بھی مطمئن نہیں ہو سکتا، کیونکہ زندگی ایک سفر ہے جو چلتا رہتا ہے، میں نے اداکاری اور ہدایت کاری باقاعدہ سیکھی بھی نہیں ہے، بس اچھے مواقع مل گئے تو تجربات سے سیکھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی میں ڈائریکشن کر رہا ہوں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے اداکاری چھوڑ دی ہے، بہت جلد لوگ مجھے دوبارہ اداکاری کرتے دیکھیں گے، میں نے بطور ہدایت کار یکے بعد دیگرے 7 سے 8 ڈرامے بنائے جو کہ ابھی مختلف ٹی وی چینلز پر نشر ہو رہے ہیں۔سمیع ثانی نے یہ بھی بتایا کہ مسلسل کام کی وجہ سے تھوڑا تھک گیا ہوں تو کچھ وقت کے لیے بریک لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں